17 جنوری 2015 - 10:30
عراق کو غیر ملکی افواج کی ضرورت نہیں

عراق کی مرکزی سیاسی جماعت مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ نے کہا ہے کہ عراقی عرام، دہشت گرد گروہ داعش اور دوسرے دہشت گرد گروہوں کے غاصبانہ قبضے سے اپنے ملک کو آزاد کرا سکتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سید عمار حکیم نے بغداد میں برطانوی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ عراقی اکیلے ہی پورے ملک کو داعش کے وجود سے پاک کر سکتے ہیں۔ بغداد سے فرات نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عمار حکیم اور برطانوی سفیر فرینک بیکر نے عراق کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اسی طرح اس ملاقات میں دہشت گرد گروہ داعش سے مقابلے میں عراقی حکومت کی بین الاقوامی حمایت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
عمار حکیم نے اس ملاقات میں عراقی سیکورٹی فورس کو داعش کے مقابلے میں ملنے والی حالیہ کامیابیوں کی طرف اشارہ کیا اور زور دے کر کہا کہ عوام کی حمایت سے عراقی فوج ان تمام علاقوں کو آزاد کرا سکتی ہے جن پر داعش کا قبضہ ہے اور ملک میں غیر ملکی افواج کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
عراقی فوج نے عوام کی حمایت سے اب تک دہشت گرد گروہ داعش سے بہت سے علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔

.......

/169